پاکستانی کھلاڑیوں کی پابندی کے باوجود اسکاٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ میں شرکت

پاکستانی کھلاڑیوں نے یو ایس اوپن جونیئر  کے بعد اسکاٹ لینڈ اوپن جونیئر اسکواش چیمپین شپ میں بھی پابندی کے فیصلے کی دھجیاں اڑا دیں، قومی اسکواش فیڈریشن کی جانب سے دستبرداری کے باوجود ایک درجن سے زائد پاکستانی  کھلاڑیوں نے اسکاٹ لینڈ کے شہر ایڈن برگ میں جاری اسکاٹش جونیئر  اوپن اسکواش چیمپین شپ میں شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق ان مقابلوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے حوالے سے پاکستان اسکواش فیڈریشن اپنے اجلاس میں فیصلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ عمروں پر شک کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی کیٹگریز تبدیل کرنے پر پاکستان اسکواش فیڈریشن نے یو ایس جونیئر اوپن، اسکاٹش جونیئر اور برٹش جونیئر  اوپن  اسکواش چیمپین شپ سے  دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم  پاکستان کے ایک درجن سے زائد کھلاڑی قومی فیڈریشن کے فیصلے کو قبول کرنے کے بجائےجاری اسکاٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ میں بھی شریک ہوئے۔

بوائز انڈر 19 میں ارسلان عبداللہ، محمد ریان، محمد عثمان اور ارسلان خاور،بوائز انڈر 17 میں عامر عدنان، عمر فاروق بٹ، محمد فہیل بٹ ،سمیر خان اور محسن،بوائز انڈر 15 میں ٹاپ سیڈ محمد سہیل عدنان، محمد مصطفی خان، محمد بن عاطف اور طارق کے ساتھ بوائز انڈر 13 میں محمد مصطفی خان بھی شامل ہیں۔

بوائز انڈر 17 کے دفاعی چیمپین اذان علی خان ،بوائز انڈر 13 کے دفاعی چیمپین سہیل عدنان اور گرلز انڈر 13 کی دفاعی چیمپین ماہ نور علی،ان کی بہنوں  سحرش علی اور مہوش علی سمیت دیگر قومی جونیئر کھلاڑیوں نے چیمپین شپ میں حصہ نہیں لیا۔

قبل ازیں متعدد کھلاڑیوں نے فیڈریشن کے حکم کے برخلاف یو ایس جونیئر اوپن اسکواش چیمپین شپ کےمختلف ایونٹس میں شرکت کی تھی، ان میں بوائز انڈر 13 ایونٹ میں محمد ارشد برکی،بوائز انڈر19 میں ایان علی ،گرلز انڈر 15  میں زہرہ خان اور فضا خان بھی شامل تھیں۔

Similar Posts