وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اور اس دوران وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے وزیراعظم و ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کا پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا جس کی بدولت دونوں ممالک ایک دوسرے مزید قریب آئے۔
وزیر اعظم نے رواں سال کے دوران ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کا ذکر کیا جو کہ انتہائی نتیجہ خیز رہی تھیں اور پاک-سعودی دوطرفہ تعلقات کو نئی سطحوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
شہباز شریف نے ضرورت کے وقت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی مسلسل حمایت اور علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں اس کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
ملاقات میں حالیہ علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیراعظم نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے امن و استحکام برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سعودی سفیر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کو تہنیتی پیغام پہنچایا۔
انہوں نے مملکت سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔