شہر قائد میں سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نیو سبزی منڈی کے قریب لڑائی جھگڑے کے دوران ایک شخص کو زخمی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نزیر شیخ کے مطابق پولیس نے فوری ردعمل دیتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزم کو حراست میں لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم نے نیو سبزی منڈی کے قریب پیش آنے والے جھگڑے کے دوران لالئی نامی شخص کو زخمی کیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے ملزم ارسلان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی پستول اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
زخمی شخص کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کے محرکات اور دیگر ممکنہ پہلوؤں کا تعین کیا جا سکے۔