اونی لباس کو نقصان سے بچائیں، دھلائی اور دیکھ بھال کے آزمودہ طریقے جانیے

0 minutes, 0 seconds Read
سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی اونی کپڑے روزمرہ استعمال کا لازمی حصہ بن جاتے ہیں، مگر معمولی سی بے احتیاطی ان کی ساخت اور خوبصورتی کو متاثر کرسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق اونی ملبوسات کی درست دیکھ بھال نہ کی جائے تو یہ جلد سکڑ سکتے ہیں، سخت ہو سکتے ہیں یا اپنی اصل شکل کھو بیٹھتے ہیں، جس سے قیمتی لباس ناقابلِ استعمال بھی ہوسکتا ہے۔

کپڑوں کی صفائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اونی کپڑوں کے ساتھ نرمی بنیادی اصول ہے۔ گرم پانی یا تیز رگڑ اون کے نازک ریشوں کو کمزور کر دیتی ہے، اس لیے بہتر یہی ہے کہ انہیں ٹھنڈے یا نیم گرم پانی میں آہستگی سے دھویا جائے۔

اسی طرح سخت کیمیکل والے عام واشنگ پاؤڈر کے بجائے ہلکا لیکویڈ صابن زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے، جسے براہِ راست کپڑے پر لگانے کے بجائے پہلے پانی میں گھول لینا چاہیے۔

ہاتھ سے دھلائی کے دوران کپڑوں کو مروڑنے یا زور سے نچوڑنے سے پرہیز ضروری ہے۔ ماہرین کے مطابق گندے پانی کو نرمی سے دباکر نکالنا اور فوراً صاف پانی سے دھولینا کپڑے کی بناوٹ برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ اگر واشنگ مشین استعمال کی جائے تو ڈیلکیٹ یا وول موڈ کا انتخاب کیا جائے اور تیز اسپن سے اجتناب کیا جائے، کیونکہ یہی احتیاط اونی کپڑوں کو سکڑنے سے بچاتی ہے۔

خشک کرنے کے مرحلے میں بھی خاص توجہ درکار ہوتی ہے۔ گیلے سویٹر یا شال کو ہینگر یا رسی پر لٹکانا غلطی سمجھی جاتی ہے، کیونکہ اس سے لباس اپنی شکل کھو سکتا ہے۔ بہتر طریقہ یہ ہے کہ اونی کپڑوں کو کسی ہموار سطح پر پھیلا کر اوپر ہلکا کپڑا رکھ دیا جائے تاکہ نمی آہستگی سے جذب ہوجائے۔

براہِ راست دھوپ میں اونی کپڑے سکھانا بھی نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ تیز دھوپ اون کو سخت اور رنگ کو ماند کر دیتی ہے۔ ٹھنڈی اور ہوادار جگہ یا گھر کے اندر خشک کرنا زیادہ مناسب سمجھا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، الماری میں رکھنے سے پہلے کپڑوں کا مکمل طور پر خشک ہونا ضروری ہے، ورنہ نمی بدبو یا پھپھوندی کا باعث بن سکتی ہے۔

کیڑوں سے بچاؤ کےلیے ماہرین نیم کے پتے یا نیفتھلین کی گولیاں استعمال کرنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر اونی کپڑوں کی دھلائی، خشک کرنے اور ذخیرہ کرنے کے مراحل درست طریقے سے اختیار کیے جائیں تو یہ برسوں تک قابلِ استعمال رہتے ہیں اور ہر موسم میں نئے جیسے دکھائی دیتے ہیں۔
 

Similar Posts