کینیڈا؛ ہوائی اڈّے پر ایئر انڈیا کے پائلٹ کو نشے کی حالت میں پرواز سے اُتار دیا گیا

0 minutes, 0 seconds Read
کینیڈا کے شہر وینکوور میں ایئر انڈیا کی ایک بین الاقوامی پرواز اس وقت تاخیر کا شکار ہو گئی جب ٹیک آف سے قبل ایک پائلٹ کو نشے کی حالت میں ہونے کے شبے میں طیارے سے اتار دیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جب ایئر انڈیا کی پرواز AI186 روانگی کی تیاری کر رہی تھی۔ ایئرپورٹ پر موجود عملے کے ایک رکن نے پائلٹ کو شراب خریدتے ہوئے دیکھا۔

عملے کے رکن نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی اور اطلاع ملنے پر کینیڈین حکام نے پائلٹ کا معائنہ کیا۔

پائلٹ سے شراب کی بُو محسوس ہونے پر اس کا بریَتھ اینالائزر ٹیسٹ کیا گیا جس میں وہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اتر سکا۔

حکام نے صورتحال کو مسافروں کی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے پائلٹ کو مزید تفتیش کے لیے اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایئر انڈیا کے ترجمان نے بتایا کہ ایئرلائن کے حفاظتی ضوابط کے مطابق فوری طور پر متبادل پائلٹ کا انتظام کیا تاہم نئے پائلٹ کی تعیناتی میں وقت لگنے کے باعث پرواز تاخیر سے روانہ ہوئی۔

ترجمان کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ان کے نتائج سامنے آنے تک مذکورہ پائلٹ کو عارضی طور پر ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔

ایئر انڈیا نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں کی حفاظت ایئرلائن کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

Similar Posts