قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر پر پی ٹی آئی اور اسپیکر کی اہم ملاقات

0 minutes, 0 seconds Read
اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے معاملے پر پی ٹی آئی چیف وہپ  اور اسپیکر قومی اسمبلی کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر عامر ڈوگر نے عمر ایوب کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے خارج ہونے کی کاپی اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو فراہم کی۔ ملاقات کے دوران پی ٹی آئی کے چیف وہپ نے اسپیکر سے اپوزیشن لیڈر کی جلد تقرری کی درخواست بھی کی۔

عامر ڈوگر نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپوزیشن لیڈر کی نشست سے متعلق دائر تمام کیسز واپس لے لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی معاملات کے حل کے بعد اب اپوزیشن لیڈر کی تقرری میں کوئی رکاوٹ نہیں رہی۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اس سے قبل اس معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کو 4 خطوط بھی ارسال کر چکے ہیں، جن میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق امور کی وضاحت طلب کی گئی تھی۔

Similar Posts