امریکی نائب صدر کے گھر پر حملہ، ملزم گرفتار

0 minutes, 0 seconds Read

امریکی سیکرٹ سروس نے تصدیق کی ہے کہ نائب صدر جے ڈی وینس کے اوہائیو میں واقع گھر کی کھڑکیاں توڑنے اور املاک کو نقصان پہنچانے والے ایک شخص کو پیر کی علی الصبح حراست میں لے لیا گیا ہے۔

امریکن پریس (اے پی) کے مطابق سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گوگلیلمی کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص کو اہلکاروں نے حراست میں لیا جو سن سیناٹی کے ڈاؤن ٹاؤن کے مشرق میں واقع وینس کی رہائش گاہ پر تعینات تھے۔ حراست میں لیے گئے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

قانون نافذ کرنے والے دو حکام کے مطابق، جنہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی، سیکرٹ سروس اہلکاروں نے رات کے وقت ایک زور دار آواز سنی، جس کے بعد معلوم ہوا کہ ایک شخص ہتھوڑے سے کھڑکی توڑ کر گھر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے گھر کے ڈرائیو وے میں داخل ہوتے ہوئے سیکرٹ سروس کی ایک گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

ترجمان کے مطابق والنت ہلز کے علاقے میں واقع یہ رہائش گاہ اس وقت خالی تھی اور نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کا خاندان اوہائیو میں موجود نہیں تھا۔

سیکرٹ سروس واقعے سے متعلق قانونی کارروائی کے لیے سن سیناٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ اور امریکی اٹارنی آفس کے ساتھ رابطے میں ہے، جب کہ ملزم پر عائد کیے جانے والے الزامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ جے ڈی وینس نائب صدر بننے سے قبل اوہائیو سے تعلق رکھنے والے امریکی سینیٹر تھے۔ ان کے دفتر نے واقعے سے متعلق سوالات سیکرٹ سروس کو بھیج دیے اور بتایا کہ ان کا خاندان پہلے ہی واشنگٹن واپس جا چکا ہے۔

والنت ہلز سن سیناٹی کے قدیم علاقوں میں شمار ہوتا ہے، جہاں کئی تاریخی مقامات موجود ہیں، جن میں مشہور ادیبہ ہیریئٹ بیچر اسٹو کا گھر بھی شامل ہے۔

Similar Posts