شہر کے مختلف علاقوں میں گودام اور کارخانے میں پراسرار آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کا پہلا واقعہ لطیف آباد یونٹ نمبر 8، خواجہ کالونی میں واقع کنفیکشنری کے کارخانے میں پیش آیا، جہاں آگ لگنے سے تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کی مشینری اور کنفیکشنری کا سامان جل گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جس وقت آگ لگی اس وقت کارخانہ بند پڑا تھا۔
دوسرا واقعہ آفندی ٹاؤن کے علاقے میں پیش آیا، جہاں کپڑوں کے گودام میں خوفناک آتشزدگی کے باعث ہزاروں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں آتشزدگی کے واقعات شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔
واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم مالی نقصان بھاری بتایا جا رہا ہے۔