یونیورسٹی میں 21 سالہ طالبہ کا اقدامِ  خودکشی؛ تفتیش میں بڑے انکشافات سامنے آگئے

0 minutes, 0 seconds Read
نجی یونیورسٹی میں 21 سالہ طالبہ کے اقدام خودکشی کے بعد تفتیش میں بڑے انکشافات سامنے آ گئے۔

گزشتہ روز نجی یونیورسٹی میں ڈی فارم کی طالبہ 21 سالہ فاطمہ نے بلڈنگ کی دوسری منزل سے کود کر خودکشی کی کوشش کی تھی، جسے تشویشناک حالت میں پہلے یونیورسٹی کے اسپتال اور بعد ازاں جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے۔

اس سے چند روز قبل بھی اسی یونیورسٹی میں ڈی فارم کے ایک طالب علم نے بلڈنگ کی چوتھی منزل سے کود کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے لواحقین کی جانب سے تاحال کسی قسم کی قانونی کارروائی کے لیے درخواست جمع نہیں کروائی گئی۔ طالبہ کی ریڑھ کی ہڈی اور پھیپھڑوں پر گہرے زخم آئے ہیں، جس کی وجہ سے طالبہ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکا۔

پولیس  کے مطابق واقعے سے متعلق اہل خانہ سے بھی مختلف پہلوؤں پر معلومات حاصل کی گئی ہیں جب کہ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یونیورسٹی اور اطراف میں نصب تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے بیان کے بعد ہی تفتیش کو اگلے مرحلے میں داخل کیا جائے گا، تاہم ابتدائی تحقیقات میں یہ معاملہ گھریلو نوعیت کا معلوم ہوتا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تمام شواہد اور بیانات کی روشنی میں حتمی نتیجہ اخذ کیا جائے گا۔

تفتیش میں اہم انکشافات

نجی یونیورسٹی میں 21 سالہ طالبہ فاطمہ کے اقدام خودکشی کی  ابتدائی تفتیش میں  اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ پولیس کے مطابق طالبہ 7 بج کر 58 منٹ پر یونیورسٹی آئی ، تاہم وہ یونیورسٹی آنے کے بعد کلاس میں نہیں گئی ۔

فاطمہ دوسری منزل سے کودنے سے قبل 27 منٹ تک فون پر بات کرتی رہی  اور 8 بج کر  30 منٹ پر اس نے دوسری منزل سے چھلانگ لگادی۔ پولیس تفتیش کے مطابق طالبہ نے کودنے سے قبل  آخری کال موبائل سے ڈیلیٹ کردی ۔

پولیس  تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ بھائیوں نے لڑکی کا پرانا موبائل خراب ہونے پر واقعے سے ایک روز قبل ہی اسے نیا موبائل لے کر دیا تھا۔  لڑکی کےدونوں بھائیوں کے تفصیلی بیان بھی ریکارڈ کیے جارہے ہیں ۔

پولیس کے مطابق یونیورسٹی میں ہونے والے ٹیسٹ میں طالبہ نے 35 میں سے 18 نمبر لیے  تھے اور حاصل کردہ نمبروں سے غیر مطمئن ہونے کے حوالے سے اس نے اپنے والد اور بھائیوں کو بتایا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے ۔ اقدام خودکشی کی حتمی وجہ کا تعین جلد کرلیا جائے گا ۔

Similar Posts