ایکسپریس نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے ماحولیاتی آلودگی میں کمی، ٹریفک دباؤ سے نمٹنے اور عوام کو سہولت دینے کیلیے بی آر ٹی پشاور کے روٹ میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے بی آر ٹی سروس کے روٹ کو ضلع خیبر کے جمرود، ٹیڈی اور باڑہ بازار تک توسیع دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے کم وقت میں کام مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ٹی توسیع سے پشاور اور ضلع خیبر کے درمیان نہ صرف آمد ورفت مزید آسان ہو جائے گی بلکہ خیبر کے عوام کو محفوظ، معیاری اور سستی سفری سہولت بھی میسر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی توسیع سے ٹریفک دباؤ اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی ہوگی۔
اجلاس میں بی آر ٹی سروس کے لیے 50 کروڑ روپے کی لاگت سے کارخانوں اسٹیشن پر ریمپت کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بی آر ٹی سروس کے لیے درکار انفراسٹرکچر ، بسیں اور آپریشنل امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جمرود اور باڑہ بازار بی آر ٹی سروس شروع کرنے کے لیے 12 میٹر کی 12 نئی بسیں خریدی جائیں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کارخانوں مارکیٹ تا جمرود بازار 5 کلومیٹر فاصلے پر 8 بس سٹاپ قائم کیے جائیں گے۔ اسی طرح پشتخرہ تا باڑہ بازار 7 کلومیٹر فاصلے پر 10 بس سٹاپ قائم کیے جائیں گے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بی آر ٹی کے کل 18 روٹس ہیں جو 132 کلو میٹر ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ جون 2026 تک 3.2 ارب روپے کی لاگت سے 52 مزید ڈیزل ہائبرڈ بسیں فلیٹ میں شامل کی جائیں گی، اسی طرح 6.2 ارب روپے کی لاگت سے 50 الیکٹرک بسوں کو بھی فلیٹ کا حصہ بنایا جائے گا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اکرام اللہ کے علاوہ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔