ایف آئی اے کی 2025 میں کارروائیاں، 561.1 ملین مالیت کے اثاثے اور جائیدادیں منجمد

0 minutes, 0 seconds Read
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے بتایا ہے کہ 2025 کے دوران جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پرروزانہ اوسطاً 6982 مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی، اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کے تحت 561.1 ملین روپےمالیت کے اثاثے اور جائیدادیں منجمد کی گئیں۔

ایف آئی اے کراچی زون کی جاری 2025 کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس مجموعی طور پر 1807 ویریفیکیشنزرجسٹر ہوئیں، جن میں سے 1518 کونمٹا دیا گیا، 1992 انکوائریز درج کی گئیں جبکہ 2144 انکوائریز ڈسپوز کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی زون میں 621 مقدمات درج ہوئے اور 624 مقدمات کے فائنل چالان عدالتوں میں جمع کرائے گئے اور مختلف کارروائیوں کے دوران 8 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اعدادو شمار کے مطابق کراچی زون میں 115 مقدمات میں  ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں اور عدالتوں کی جانب سے 169.5 ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران 56.5 ملین روپے مالیت کی جعلی ادویات ضبط کی گئیں اور 79.49 ملین روپے مالیت کا نان کسٹم پیڈ سامان برآمد کیا گیا۔

حوالہ ہنڈی کےخلاف کریک ڈاؤن میں 757.8 ملین روپےمالیت کی مختلف کرنسیاں ضبط کی گئیں۔

ایف آئی اے نےکارروائی کرتے ہوئے 24.15 ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی واگزار کرالی اور اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کےتحت 561.1 ملین روپےمالیت کے اثاثے اور جائیدادیں منجمد کی گئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روزانہ اوسطاً 7 ہزار مسافر بیرون ملک روانہ ہوتے ہیں جبکہ روزانہ اوسطاً 6982 مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی، 2025 کے دوران مجموعی طور پر 9947 مسافروں کو مختلف وجوہات پرآف لوڈ کیا گیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ 2025 میں 22 ہزار 438 ڈی پورٹیز پاکستان پہنچے، ڈی پورٹیزمیں سے 5 ہزار 952 افراد کو پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا، جعلی یا مشتبہ دستاویزات پر 111 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔

ایف آئی اے نے 15 جعلی پاسپورٹس اور 66 جعلی ویزوں کی نشان دہی کی، جعلی پروٹیکٹر پر سفر کرنے والے 8 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا۔

مزید بتایا گیا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر مختلف ایئرلائنز پر 27 ملین روپے جرمانہ عائد کیا گیا، بھیک مانگنے میں ملوث 644 افراد کو آف لوڈ اور ڈی پورٹ کیا گیا اور اس ضمن میں 238 ایف آئی آرز درج کی گئیں۔

Similar Posts