وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملک کے دور دراز علاقوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سولرائزیشن اور بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات کے حوالے سے اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جہاں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ زیادہ خسارہ کرنے والے بجلی کے فیڈرز، کمیونٹی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون سے شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام سے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کے نقصانات میں کمی ہوگی اور ان علاقوں میں بجلی بلاتعطل میسر ہوگی، اسی طرح پیسکو اور کیسکو کے زیادہ نقصان میں چلنے والے فیڈرز میں فی الفور پائیلٹ پراجیکٹس کا اجرا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹس کامیاب بنانے کے لیے علاقے کے منتخب نمائندوں سے مشاورت اور کمیونٹی کی شرکت یقینی بنائی جائے۔
اجلاس کو پیسکو اور کیسکو کے خسارے میں چلنے والے فیڈرز کو شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ایسے فیڈرز کی شمسی توانائی پر منتقلی سے مقامی آبادی کے لیے ایک ماحول دوست، کم لاگت اور پائیدار مایئکرو گرڈ بن جائے گا اور مقامی آبادی، صوبائی اور وفاقی حکومتیں اس منصوبے میں شراکت دار ہوں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے سے نہ صرف کم لاگت بجلی پیدا ہوگی بلکہ مستقبل میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے میں نمایاں کمی ہوگی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے منصوبے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں پائلٹ پراجیکٹ پر فوراً کام شروع کیا جائے۔
وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر بجلی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے چیف سیکریٹریز کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سرکاری حکام شریک تھے۔