پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے، جس کے نتیجے میں 10 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔ تھانہ ہنجروال کی حدود میں 10 سالہ بچی سونیا، مبینہ طور پر اپنی مالکن نوشین فرخ اور اس کے شوہر فرخ بٹ کے تشدد سے جاں بحق ہوئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ لاہور کے علاقے اتفاق ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں بچی سونیا پر مبینہ تشدد کیا گیا۔ اہل خانہ کو ابتدائی طور پر فون پر اطلاع دی گئی کہ سونیا کے بازو پر معمولی چوٹ آئی ہے، مگر جب سونیا کی رشتہ دار خاتون کو نوشین کے گھر بھیجا گیا تو صورت حال مختلف نکلی۔
متاثرہ خاندان کے مطابق، رشتہ دار نے سونیا کو تشدد کی حالت میں پایا اور بتایا کہ مالکن نوشین اور اس کا شوہر اسے ڈنڈوں سے مار رہے تھے۔ جب سونیا کے والدین عارف والا سے لاہور پہنچے تو وہ بچی کو گھر کے فرش پر مردہ حالت میں پڑا ہوا دیکھ کر دہل گئے۔
سونیا کی والدہ رابعہ نے الزام عائد کیا ہے کہ صرف کام کی غلطی پر اس کی بیٹی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اور اسے اسپتال بھی نہیں لے جایا گیا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔ والدہ کا کہنا ہے کہ یہ سراسر ظلم اور ناحق قتل ہے۔
پولیس نے بچی کے والدین کی درخواست پر نوشین فرخ اور فرخ بٹ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔