حیدر آباد؛ بڑی ہاؤس رابریز میں ملوث گینک کا اہم رکن مقابلے میں ہلاک، ناجائز اسلحہ برآمد

شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی ہاؤس رابریز میں ملوث ایک خطرناک گینگ کے اہم رکن کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا گیا جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مقابلہ گرڈ اسٹیشن علمدار چوک کے قریب ہوا، مشتبہ افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس پر پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی۔ دوبدو فائرنگ کے نتیجے میں ہاؤس رابریز گینگ کا ایک اہم رکن زخمی حالت میں گرفتار ہوا، تاہم اسپتال منتقل کرتے ہوئے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

ہلاک ملزم کی شناخت بدنام زمانہ ڈکیت فرحان مقبول، ساکن رحیم یار خان کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرحان مقبول کے خلاف مجموعی طور پر 12 مقدمات درج تھے، جن میں 8 مقدمات پنجاب میں ہاؤس رابریز اور ناجائز اسلحہ، جبکہ 4 مقدمات حیدرآباد میں ہاؤس رابریز اور پولیس مقابلوں کے شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک ڈکیتی کیس میں اشتہاری بھی تھا۔

پولیس نے بتایا کہ فرحان مقبول سال 2025 کے دوران حیدرآباد کے علاقوں بٹھائی نگر، قاسم آباد اور لطیف آباد میں ہونے والی بڑی ہاؤس رابریز کی وارداتوں میں ملوث رہا۔ ملزمان واردات کے دوران کار کا استعمال کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران گینگ کے دیگر ارکان عظمت گجر، شاہد جٹ، عمران تانی اور ایک نامعلوم ملزم فرار ہوگئے، جو حیدرآباد میں ہاؤس رابریز کے مقدمات میں مطلوب ہیں۔ پولیس نے ہلاک ملزم سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کرلیا ہے، جبکہ ملزمان کی وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی جاری کردی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

 

Similar Posts