حکومت سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیرداخلہ ضیاالحس لنجار نے جلسہ کرنے کے حوالے سے واضح پیغام دیا ہے کہ پی ٹی آئی کو باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ کسی بھی سڑک پر اگر جلسہ ہوگا تو حکومت سندھ سخت ایکشن لے گی۔
ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ حکومت سندھ نے پی ٹی آئی کو جہاں جلسے کی اجازت دی ہے وہیں جلسہ کرے، حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔
قبل ازیں پی ٹی آئی کراچی کی ترجمان فوزیہ صدیقی نے کہا تھا کہ حکومت سندھ کی اجازت کے باوجود مزار قائد عوامی گیٹ پر جلسہ ہوگا کیونکہ حکومت سندھ کی جانب سے اجازت دینے میں تاخیر کی گئی اور ایسے میں جلسے کے انتظامات نہیں کیے جاسکتے ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے اتوار کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت دی تھی اور سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے بیان میں کہ اتھا کہ پی ٹی آئی اتوار کو باغ جناح میں جلسے کی اجازت ہوگی تاہم این او سی شرائط کے ساتھ جاری کیا گیا ہے۔