سری لنکا نے بارش سے متاثرہ تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
دمبولا میں کھیلے جارہے 3 میچوں کی سیریز کے تیسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
سری لنکا کی بیٹنگ
پاکستان کی جانب سے پہلے بولنگ کے فیصلے کے بعد سری لنکا کی ٹیم کو آغاز ہی میں نقصان اٹھانا پڑا۔ اوپنر پاتھم نسنکا پہلی ہی اوور میں نسیم شاہ کا شکار ہو کر صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
کمیل مشارا نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 8 گیندوں پر 20 رنز بنائے، جن میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا تاہم وہ محمد وسیم جونیئر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے، اس وقت اسکور 1.5 اوورز میں 22 رنز پر 2 کھلاڑی آؤٹ تھا۔
اس کے بعد دھننجیا ڈی سلوا اور کشل مینڈس نے اننگز کو سنبھالا اور 32 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کو پانچویں اوور میں 54 رنز تک پہنچایا تو پھر دھننجیا ڈی سلوا 15 گیندوں پر 22 رنز بنا کر چھٹے اوور کی پہلی گیند پر محمد نواز کا شکار بن گئے۔
کشل مینڈس کو چرِیتھ اسلانکا کی اچھی سپورٹ حاصل رہی اور دونوں نے مل کر نویں اوور میں ٹیم کا مجموعہ 100 رنز سے آگے پہنچایا تاہم محمد وسیم جونیئر نے کسل مینڈس کو 16 گیندوں پر 30 رنز پر آؤٹ کر کے 46 رنز کی شراکت توڑ دی۔
اس کے بعد فہیم اشرف نے چرِیتھ اسالنکا کو 13 گیندوں پر 21 رنز پر آؤٹ کر دیا، یوں 9.1 اوورز میں سری لنکا کا اسکور 102 رنز پر 5 وکٹیں ہو گیا۔
کپتان داسن شناکا اور جینتھ لیانگے نے آخری اوورز میں تیز رفتاری سے رنز جوڑے اور دونوں کے درمیان چھٹی کے لیے 52 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
سری لنکا کا اسکور 154 تک پہنچا تو داسن شناکا وسیم جونیر کا شکار بن گئے، انہوں نے 9 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چھکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ جینتھ لیانگے 8 گیندوں پر 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جب کہ وانیندو ہسرنگا بھی ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3 اوورز میں 54 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نسیم شاہ، محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس طرح بارش کے باعث 12 اوورز تک محدود اننگز میں سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا۔
میچ کا ٹاس
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج کھیلا جا رہا ہے، دمبولا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر سے ہوا۔ میچ کا ٹاس پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے ہونا تھا جو بارش کے باعث 8 بج کر 30 منٹ پر ہوا۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیتنے کے بعد سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، بارش کے باعث میچ کو 12، 12 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے ٹاس جیتنے کے بعد کہا کہ ’ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ میچ مختصر ہے، اس لیے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔‘
دونوں ٹیموں نے اپنی لائن اپ میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ پاکستان کی جانب سے خواجہ نافع اپنا ڈبیو کر رہے ہیں جب کہ نسیم شاہ بھی ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرا میچ بارش منسوخ کردیا گیا تھا، گرین شرٹس کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔