غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سابق فرانسیسی فٹبالر رولان کوربس کے ایمپلائیر نے پیر کے روز ان کے انتقال کی تصدیق کی، تاہم موت کی وجہ سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
مارسیلی میں پیدا ہونے والے رولان کوربس نے اپنی پوری زندگی فٹبال کے لیے وقف کر دی اور فرانسیسی اسپورٹس میڈیا کی سب سے نمایاں آوازوں میں شمار ہوتے رہے۔ بطور ڈیفنڈر انہوں نے اولمپک مارسیلی، اے سی اجاکسیو، اولمپک لیون اور اے ایس موناکو سمیت متعدد کلبوں کی نمائندگی کی۔
کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد کوربس نے کوچنگ کے شعبے میں قدم رکھا اور بورڈو، مونٹ پیلیئر، رینس، اجاکسیو اور مارسیلی جیسے بڑے کلبوں کے ساتھ کام کیا۔ بطور کوچ ان کی سب سے نمایاں کامیابی 1999 میں مارسیلی کو یوئیفا کپ فائنل تک پہنچانا رہی۔
میڈیا میں بطور کمنٹیٹر رولان کوربس اپنی بے باک گفتگو، منفرد لہجے اور شائقین سے قریبی رابطے کے باعث خاص پہچان رکھتے تھے۔ ان کے انتقال سے فرانسیسی فٹبال کمیونٹی اور اسپورٹس میڈیا ایک نمایاں شخصیت سے محروم ہو گیا۔