ایکسپریس نیوز کے مطابق قائد آباد کے علاقے مانسہرہ کالونی میں چھٹی کے بعد فیکٹری سے نکل کر گھر جانے والی دو خواتین پر مسلح شخص نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اسما نامی خاتون جاں بحق ہوئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ شمائلہ زخمی ہوئی۔ واقعے کے بعد ریسکیو رضاکاروں نے جاں بحق اور زخمی خاتون کو جناح اسپتال منتقل کیا جبکہ کرائم سین یونٹ نے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے۔
پولیس نے اپتدائی تفتیش میں واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر جائے وقوعہ اور اطراف سے کوئی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل نہیں ہوسکیں۔
پولیس کو عینی شاہدین نے بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار ایک شخص نے تعاقب کے بعد فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے وقت خاتون فیکٹری سے نکل کر گھر کی جانب جارہی تھی ، ملزم نے تعاقب کے بعد موقع دیکھتے ہی فائرنگ کردی، واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی خاتون ٹارگٹ نہیں تھی تاہم وہ ساتھ ہونے کی وجہ سے زد میں آئی ہے۔
’اسما میرے ساتھ کفالت میں ہاتھ بٹاتی تھی‘
مقتولہ اسما کے شوہر ہارون نے جناح اسپتال میں گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ میں پیشے کے اعتبار سے مکینک ہوں جبکہ میری اہلیہ اسما فیکٹری میں ملازمت کرتی تھی۔
ہارون نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ، مجھے نہیں معلوم میری بیوی کو کس نے مارا، مجھے فون کال موصول ہوئی جس میں اسما پر فائرنگ کا بتایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری بیس برس قبل شادی ہوئی اور ہمارے پانچ بچے ہیں، ہم غریب لوگ ہیں، دونوں میاں بیوی مل کر کفالت کرتے تھے۔