ایرانی سپریم لیڈر کا حکومت کے حق میں مظاہروں پر قوم کو خراج تحسین

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حکومت کے حق میں ہونے والے ملک گیر مظاہروں پر ایرانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے ملکی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار دن قرار دیا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عظیم ایرانی قوم نے آج ایک تاریخی دن رقم کیا ہے۔

آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ آج ہونے والی عظیم ریلیوں نے غیرملکی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دشمن قوتیں ایران کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے اندرونِ ملک کرائے کے ایجنٹوں کو استعمال کرنا چاہتی تھیں، تاہم ایرانی عوام نے ان سازشوں کو خاک میں ملا دیا۔

سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی قوم نے دشمنوں کے مقابلے میں اپنے عزم، شعور اور قومی شناخت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔

ان کے مطابق یہ مظاہرے دراصل امریکی سیاستدانوں کے لیے ایک واضح پیغام اور انتباہ تھے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فریبی اقدامات بند کرے اور اپنے آلہ کاروں پر انحصار کرنا چھوڑ دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی قوم مضبوط، طاقتور اور باخبر ہے، دشمن کو اچھی طرح پہچانتی ہے اور اس کے خلاف ہمیشہ میدان میں موجود رہتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ ایرانی عوام کا اتحاد اور بیداری دشمنوں کے تمام عزائم کو ناکام بنانے کے لیے کافی ہے اور یہی قوت ایران کی اصل طاقت ہے۔

Similar Posts