لاہور میں کھلے مین ہول میں گر کر 5 سالہ عثمان جان کی بازی ہار گیا

0 minutes, 0 seconds Read

لاہور کے علاقہ مغل پورہ میں کھلے مین ہول میں گر کر پانچ سالہ عثمان جان کی بازی ہار گیا۔ اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں جبکہ پولیس نے ایس ڈی او واسا اور سب انجینئر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

لاہور کے علاقے مغلپورہ میں 5 سالہ عثمان بہن کے ہمراہ کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر گیا۔ بہن کے شور مچانے پر اہل علاقہ نے بچے کو نکالا اور ہسپتال لے کر گئے جہاں ڈاکٹروں نے بچے کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔

لخت جگر کے دم توڑنے پر والد تو غم سے نڈھال ہے، بہن بھی بھائی کی منتظر ہے۔ اہلِ علاقہ کے واسا افسران کے خلاف احتجاج پر تحصیلدار کی جانب سے غفلت کے مرتکب ایس ڈی او واسا سلطان شاہ اور سب انجینئر صدیق ہارون کے خلاف کارروائی کیلئے مغل پورہ تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔

دونوں ملزمان نے علاقے میں کوئی گٹر کھلا نہ ہونے کا سرٹیفیکیٹ جمع کرایا تھا۔ اہل علاقہ کے مطابق حکومت واسا حکام کو مین ہول کو کور کرنے کے احکامات دے۔

وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی سی لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

Similar Posts