سلمان بھارتی اداکارہ حنا خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایران کی صورتحال سے متعلق ایک پوسٹ کی۔
اپنی پوسٹ میں حنا خان کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں سے مسلسل بے حرمتی، جبر کے تحت سفاکانہ زندگی، اور خواتین کے لیے مساوی حقوق تو دور بنیادی آزادی تک سے محروم ایران ایک بار پھر اٹھ کھڑا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس بار انہیں ہماری پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، چاہے اس میں مغرب کا کوئی کردار ہو یا نہ ہو، یہ نہ موضوع ہے اور نہ ہی اصل وجہ ہے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ایرانی عوام کو سلام پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’ میں ایرانی عوام کے حوصلے کا تصور بھی نہیں کر سکتی، یہ بہادری، جرات ہے اور حقیقی انقلاب ہے، ایرانی عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں‘۔
Prayers 🤲🙏🏻#IranProtests #IranRevolution #Iran pic.twitter.com/rBHIOjrAsc
— Hina Khan (@eyehinakhan) January 11, 2026
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے عوام بخوبی جانتی ہے کہ یہ صورتحال نسل کشی کا سبب بن سکتی ہے، مگر جس جرات اور حوصلے کا وہ سب مظاہرہ کر رہے ہیں، خصوصاً خواتین، وہ واقعی قابلِ تحسین ہے۔
خیال رہے کہ ایران میں مہنگائی کے خلاف شروع ہونے والا احتجاج پرتشدد مظاہروں میں تبدیل ہوچکا ہے، جہاں مختلف رپورٹس کے مطابق اب تک 500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور اس دوران سیاسی تبدیلی کے مطالبات بھی سامنے آئے ہیں۔
دوسری جانب، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی ایران کی اندرونی معاملات میں مداخلت کی دھمکی دی گئی ہے اور انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا انتہائی سخت اقدامات پر غور کر رہا ہے جب کہ گزشتہ روز ٹرمپ نے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فی صد ٹیرف نافذ کر دیا تھا۔