مخالف قوتیں چاہتی ہیں عمران خان کو اکیلا چھوڑ دیا جائے، سلمان اکرم راجا

تحریکِ انصاف کے سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ مخالف قوتیں چاہتی ہیں کہ عمران خان کو اکیلا چھوڑ دیا جائے اور مفاہمت کے نام پر ذاتی فائدے حاصل کیے جائیں، مگر تحریکِ انصاف ایسے کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گی۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ تین برسوں میں پاکستان کو گہری کھائی میں دھکیل دیا گیا ہے اور موجودہ نظام لڑکھڑا چکا ہے جس کا کوئی مستقبل نہیں۔ یہ نظام رعونت اور نشے میں مبتلا ہو چکا ہے اور یہ سمجھتا ہے کہ ظلم، عدالتوں کو مفلوج کر کے اور جبر کے ذریعے حکومت چلائی جا سکتی ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ملک میں سرمایہ کاری مکمل طور پر رک چکی ہے، غربت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ کاروباری طبقے نے قومی بینکوں سے قرضے لینا بند کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ریاستی ادارے، اسٹیٹ بینک اور بیورو آف اسٹیٹسٹکس خود اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ قومی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ ڈاکٹرز، انجینئرز اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان مایوسی کے باعث ملک چھوڑ رہے ہیں، جو ایک خطرناک رجحان ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ وہ اس نظام سے نفرت کرتے ہیں اور عوام کو بار بار اپنی بے زاری اور نفرت کا اظہار کرنا ہوگا۔

سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ مفاہمت اسی وقت معنی خیز ہو سکتی ہے جب نظام کو یہ نظر آئے کہ عوام اس سے بیزار ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ معیشت کو بہتر بنانے کے دعوے کرنے والوں نے اربوں کی سرمایہ کاری لانے کے بجائے ملکی معیشت کو مزید نقصان پہنچایا۔

سوال و جواب کے سیشن میں سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ سب ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا جا رہا ہے، پہلے جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں، سزائیں دلوائی جاتی ہیں اور پھر اپیلوں کی سماعت تک نہیں ہونے دی جاتی۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ گجرانوالہ میں 51 کارکنوں کو پانچ، پانچ سال کی سزائیں دی گئیں جبکہ ڈیڑھ سال سے ان کی اپیلیں نہیں لگ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملٹری عدالتوں سے دی گئی سزاؤں کے خلاف اپیلوں کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی حالانکہ سپریم کورٹ 45 دن میں اپیل کا حق دینے کا حکم دے چکی ہے، مگر دو سال گزرنے کے باوجود شنوائی نہیں ہوئی۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ ایک ظالمانہ اور فرعونی نظام ہے جس کے خلاف تحریکِ انصاف جدوجہد جاری رکھے گی۔

Similar Posts