پولیس نے 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث موٹر سائیکل چور گروہ کو گرفتار کرلیا۔
چوکی انچارج سبزی منڈی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ٹبہ گاؤں سے ملزمان کو ٹریس کرکے حراست میں لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نجی سوسائٹی میں واردات کی منصوبہ بندی کر رہے تھے کہ بروقت کارروائی کے دوران دھر لیے گئے، ملزمان ابرار اور محمد علی چوری اور ڈکیتی سمیت 100 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ ہیں۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ دو موٹر سائیکلیں، نقدی اور ایک پستول برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن شہربانو نقوی نے کامیاب کارروائی پر چوکی انچارج سبزی منڈی اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔