زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلے جارہے انڈر-19 کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جہاں میچ کے آغاز سے قبل ماحول خوش گوار نظر نہیں آیا۔
بلاوایو میں بارش کے باعث دونوں ٹیموں کے درمیان میچ تاخیر سے شروع ہوا اور ٹاس کے لیے بخار میں مبتلا بنگلہ دیش کے کپتان عزیز الحکیم کی جگہ نائب کپتان زواد ابرار میدان میں آئے جبکہ بھارت کے کپتان آیوش مہیترے ٹاس کے لیے موجود تھے۔
بنگلہ دیش کے کپتان زواد ابرار نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کپتان کے درمیان ہاتھ نہیں ملایا جو کرکٹ کی روایت ہے۔
اس واقعے پر آئی سی سی اور دونوں ملکوں کے بورڈز کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان اگست 2024 میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کی طلبہ تحریک کے نتیجے میں خاتمے کے بعد تعلقات کشیدہ ہیں اور کرکٹ میں میدان اس کشیدہ کا اثر اس وقت پڑا جب حال ہی میں انڈین سپر لیگ (آئی پی ایل) سے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو معاہدے کے باوجود باہر کردیا گیا۔
بعد ازاں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سخت مؤقف اپناتے ہوئے اگلے ماہ (فروری) میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا اور آئی سی سی کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی سینئر کرکٹ ٹیم نے اس سے قبل گزشتہ برس ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
سوریا کمار یادیو کی کپتان میں بھارت کی ٹی20 ٹیم نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ محسن نقوی کے ہاتھ سے ایشیا کپ کی ٹرافی بھی لینے سے انکار کردیا تھا۔