جاپان کے خلاف کھیلے گئے میچ میں ورن چامودیتھا نے غیر معمولی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 143 گیندوں پر 192 رنز اسکور کیے جس میں 26 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکا ہی کے ہاسیتھ بویاگودا کے پاس تھا جنہوں نے 2018 کے ایڈیشن میں 191 رنز بنائے تھے، تاہم ورن چامودیتھا نے اس ریکارڈ کو ایک رن سے پیچھے چھوڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی۔
View this post on Instagram
ان کی اس یادگار اننگز کے دوران اوپننگ ساتھی دیمانٹھا مہاویتھانا نے بھی شاندار بیٹنگ کی اور دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے 328 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی جو انڈر 19 ورلڈ کپ میں کسی بھی وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ ہے۔
ورن چامودیتھا کی جارحانہ اور اعتماد سے بھرپور بیٹنگ کی بدولت سری لنکا کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 388 رنز کا بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجا دیا۔
نوجوان بلے باز کی اس تاریخی کارکردگی کو کرکٹ شائقین اور ماہرین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے جبکہ یہ اننگز ورن چامودیتھا کے روشن مستقبل کی بھی عکاسی کرتی ہے۔