ایکسپریس نیوز کو موصول ہونے والی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ لگنے کے ابتدائی لمحات میں پوری عمارت دھویں سے بھر چکی تھی۔
ایک فوٹیج میں ایک شخص تیز آواز میں دکانداروں اور خریداروں کو خبردار کرتا سنائی دیتا ہے کہ آگ لگ گئی ہے، فوراً باہر نکلیں، جس کے بعد افراتفری اور بھگدڑ کا منظر پیدا ہو جاتا ہے۔
ویڈیوز میں شہریوں کو جان بچانے کے لیے دوڑتے، ایک دوسرے کو دھکے دیتے اور دھویں سے بچنے کے لیے منہ کپڑوں سے ڈھانپتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ مناظر اس خوف اور بے بسی کی عکاسی کرتے ہیں جو چند لمحوں میں پورے پلازہ پر طاری ہو گئی۔
واضح رہے کہ اس ہولناک آتشزدگی کے باعث دم گھٹنے سے 5 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائر فائٹرز اور ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدید حدت کے باعث عمارت خستہ حال ہو چکی ہے، ستونوں میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئی ہیں اور کسی بھی وقت عمارت کے منہدم ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
دوسری جانب گل پلازہ تاجر ایسوسی ایشن کے صدر نے تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمارت کے اندر اب بھی 80 سے 100 افراد کے موجود ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ریسکیو آپریشن انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔