پنجاب: نرسنگ فیکلٹی میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اسکالر شپس کا اعلان

نرسنگ کے شعبے میں معیاری تعلیم اور تربیت کے لیے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کا ہونا اہم سمجھا جاتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت پنجاب حکومت نے سرکاری نرسنگ اداروں میں خدمات انجام دینے والے تدریسی عملے کے لیے اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے کے سرکاری نرسنگ اداروں کے اہل فیکلٹی ممبران کے لیے مجموعی طور پر 285 پوسٹ گریجویٹ اسکالرشپس کا اعلان کرتے ہوئے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ ان اسکالر شپس میں پی ایچ ڈی کے 15 اور ماسٹر آف سائنس اِن نرسنگ (ایم ایس سی این) کے 270 اسکالر شپس شامل ہیں۔

یہ اقدام پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کے تحت کیا گیا ہے، جس کا مقصد نرسنگ کی تعلیم کو بہتر بنانا اور اس شعبے سے وابستہ اساتذہ کو اعلیٰ تعلیمی قابلیت حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

اسکالرشپ کے عمل کی نگرانی اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والا پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ (پی آئی یو) کرے گا۔

اعلان کے مطابق پی ایچ ڈی کی 15 اسکالر شپس کے ذریعے نرسنگ فیکلٹی کو بین الاقوامی جامعات میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم اور تحقیق کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ایم ایس سی این کے 270 اسکالرشپ پاکستان کی تسلیم شدہ جامعات کے ذریعے دیے جائیں گے۔

اس پروگرام کا مقصد نرسنگ اساتذہ کی تعلیمی قابلیت کے ساتھ ان کی تدریسی صلاحیتوں اور تحقیقی مہارتوں کو بھی بہتر بنانا ہے۔ حکومت مقررہ تعداد میں نشستیں مکمل ہونے تک مرحلہ وار اسکالر شپ فراہم کرے گی۔

ان اسکالرشپس کے لیے صوبے کے سرکاری نرسنگ اداروں میں کام کرنے والے اہل تدریسی عملے کے ارکان درخواست دے سکتے ہیں۔ امیدواروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ پی ایچ ڈی یا ایم ایس سی این کے منتخب کردہ پروگرام کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ شرائط پر پورا اترتے ہوں۔

حکومت نے خواہش مند افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ درخواست جمع کرانے سے پہلے اہلیت کے تفصیلی معیار کا جائزہ لیں۔ پروگرام کی سرکاری ویب سائٹ پر متعلقہ جامعات، اسکالرشپ کی شرائط اور درخواست دینے کے طریقہ کار سے متعلق معلومات فراہم کی گئی ہیں۔

وہ فیکلٹی ممبران بھی اسکالرشپ کے لیے اپنے دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں جنہوں نے کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے درخواست دے رکھی ہے، داخلے کی پیشکش موصول کرلی ہے یا پہلے ہی داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ تاہم، یونیورسٹی میں داخلہ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ امیدوار کو اسکالرشپ بھی لازمی مل جائے گی۔ ہر درخواست کا جائزہ مقررہ شرائط کے مطابق لیا جائے گا اور حتمی فیصلہ پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ کرے گا۔

درخواست دینے کے لیے امیدواروں کو سب سے پہلے پنجاب نرسنگ اینڈ ہیلتھ ورک فورس ریفارم پروگرام کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر اہلیت اور درخواست سے متعلق تفصیلات دیکھنا ہوں گی۔

اس کے بعد مقررہ درخواست فارم مکمل کرکے تعلیمی اسناد، متعلقہ یونیورسٹی اور تعلیمی پروگرام کی تفصیلات سمیت ضروری دستاویزات تیار کرنا ہوں گی۔ جن امیدواروں کو یونیورسٹی کی جانب سے داخلے کی پیشکش موصول ہوچکی ہے، انہیں داخلے کا خط یا متعلقہ دستاویز بھی فراہم کرنا ہوگی۔

مکمل درخواست ڈائریکٹوریٹ جنرل نرسنگ (ڈی جی نرسنگ) کے ذریعے پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ تک پہنچانا ضروری ہے، جہاں دستاویزات کی جانچ پڑتال اور مزید کارروائی کی جائے گی۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ امیدوار مقررہ طریقہ کار کے مطابق متعلقہ دفتر کے ذریعے درخواستیں جمع کرائیں اور دستاویزات براہِ راست پروگرام امپلیمنٹیشن یونٹ (پی آئی یو) کو نہ بھیجیں۔

Related posts