کابل کے علاقے شہرِ نو میں زوردار دھماکا، متعدد افراد ہلاک اور زخمی

افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شہرِ نو میں پیر کے روز ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان طالبان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے دھماکے میں متعدد ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کی ہے۔ ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔

کابل پولیس کے ترجمان خالد زدران کا کہنا ہے کہ دھماکے میں شہرِ نو کے تجارتی علاقے میں واقع ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شہرِ نو کے علاقے میں اہم دفاتر، شاپنگ سینٹرز، غیر ملکی شہریوں اور سفارتی عملے کی رہائش گاہیں واقع ہیں اور یہ کابل کے محفوظ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ طالبان نے 2021 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد ملک میں امن و امان کی بحالی کا دعویٰ کیا تھا، تاہم اس کے باوجود حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

شدت پسند گروہ داعش کی مقامی تنظیم ماضی میں اس نوعیت کے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کر چکی ہے۔ تاہم پیر کے روز ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروہ نے قبول نہیں کی ہے۔

Similar Posts