ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ارشاد مہمند نے بتایا کہ درجنوں خاندانوں کو لے کر گاڑیاں رجسٹریشن پوائنٹ پر کلیئرنس کے انتظار میں ہیں، رجسٹریشن پوائنٹ پر کلیئرنس کے انتظار کرنے والے خاندان اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں بارشیں تھم جائیں تو نقل مکانی اور رجسٹریشن کا عمل دوبارہ شروع کریں گے، موسم کی شدت نے نقل مکانی کرنے والوں کے مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف ممکنہ آپریشن اور نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 10 ہزار سے خاندان نقل مکانی کرچکے ہیں، نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو ایڈوانس ڈھائی لاکھ روپے نقد مالی امداد فراہم کی جارہی ہے،نقل مکانی کرنے والے ہر خاندان کو 50 ہزار روپے ماہانہ فراہم کی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شیڈول کے مطابق دو ماہ کے اندر فوجی آپریشن مکمل کیا جائے گا، 5 اپریل سے متاثرین کی واپسی اور بحالی کا کام شروع کیا جائے گا، علاقہ میدان کی کل آبادی 1 لاکھ 30 ہزار افراد پر مشتمل ہے، آپریشن کے دوران مکمل تباہ ہونےوالے مکان کا معاوضہ 30 لاکھ روپے مقرر ہے، جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکان کے عوض 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔