ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر ایک خصوصی انٹرویو کے دوران کہا کہ ترکیہ غزہ کے لیے تیار کیے جانے والے امن منصوبے کے تحت فوجیوں کی تعیناتی کے لیے تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بین الاقوامی سطح پر کوئی مؤثر امن فریم ورک تشکیل دیا جاتا ہے تو ترکیہ اس میں عملی کردار ادا کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
ہاکان فیدان نے کہا کہ جس طرح ترکیہ بورڈ آف پیس کا حصہ ہے اسی طرح اب وہ غزہ سے متعلق ایگزیکٹو کمیٹی میں بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے اور انسانی امداد کی فراہمی میں نمایاں تعاون کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ نہ صرف سفارتی سطح پر بلکہ زمینی حقائق کو بہتر بنانے کے لیے بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ترکیہ غزہ امن منصوبے میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے اور بین الاقوامی استحکام فورس کا حصہ بننے کے لیے بھی ہے۔ ان کے مطابق غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام قابلِ عمل آپشنز پر غور کیا جانا ضروری ہے۔
ہاکان فیدان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترکیہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر ہر ممکن اقدام کرے گا۔