شاہین پرواز کیلیے تیار، فٹنس ٹیسٹ پاس کرلیا، آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز سے قبل اچھی خبر

آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز سے قبل اچھی خبر آ گئی ، شاہین پرواز کیلیے تیار ہو گئے، پیسر نے فٹنس ٹیسٹ پاس کر لیا،انھیں آسٹریلیا سے ہوم سیریز کیلیے قومی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان روشن ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہین آفریدی کا 2 روز قبل فٹنس ٹیسٹ لیا گیا جس میں خاص طور پر کام کے بوجھ اور طویل المدتی دستیابی کو مدنظر رکھا گیا، طبی ماہرین اور ٹیم مینجمنٹ نے تمام پہلوئوں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد انھیں دوبارہ کرکٹ کھیلنے کے لیے فٹ قرار دے دیا، بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر اب قومی ٹیم کیلیے دستیاب ہوں گے، توقع ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں۔

شاہین آفریدی بگ بیش کے دوران 27 دسمبر کو برسبین ہیٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز سے میچ میں دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے،میچ کے 14ویں اوور میں تکلیف محسوس کرنے کے بعد انھیں میدان چھوڑنا پڑا ، بعد ازاں ٹورنامنٹ کے باقی میچز سے باہر ہو کر وطن واپس آگئے۔

برسبین ہیٹ نے ان کی جگہ زمان خان کو اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔ اسی انجری کے باعث شاہین آفریدی پاکستان کی سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی شرکت نہ کر سکے تھے۔

 آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز 29 اور 31 جنوری جبکہ یکم فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

Similar Posts