پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب ٹی20 ورلڈکپ کے لیے پاکستان کے پندرہ رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں عاقب جاوید، سلمان علی آغا اور مائیک ہیسن نے پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کے انتخاب سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔
ٹی20 ورلڈکپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔
ٹیم میں صائم ایوب، فخر زمان، خواجہ نافع اور عثمان خان کو بیٹنگ کے شعبے میں شامل کیا گیا ہے۔
آل راؤنڈرز اور باؤلرز میں شاداب خان، ابرار احمد، محمد نواز، فہیم اشرف اور سلمان مرزا شامل ہیں۔
اس کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، عثمان طارق اور نسیم شاہ بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ورلڈکپ جیتنے کے لیے ٹیم کو ہر میچ میں اچھی اور منظم کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج موجود ہے اور کوشش ہوگی کہ دستیاب وسائل سے بہترین نتائج حاصل کیے جائیں۔
چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے بتایا کہ اسکواڈ کا انتخاب میزبان ممالک کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اور سری لنکا کی کنڈیشنز چیلنجنگ ہیں اور ایسے میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی ضروری تھی، اسی لیے بابراعظم کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔
ان کے مطابق ٹیم کمبی نیشن کو توازن میں رکھنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔
پریس کانفرنس میں یہ بھی بتایا گیا کہ حارث رؤف اور محمد رضوان اس مرتبہ ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکے۔
سلیکشن کمیٹی کے مطابق یہ فیصلہ ٹیم کی ضروریات، کنڈیشنز اور مجموعی حکمت عملی کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
پاکستانی ٹیم آئندہ دنوں میں ورلڈکپ کی تیاریوں کا آغاز کرے گی جبکہ شائقین کرکٹ کو اس اسکواڈ سے ایونٹ میں بہتر کارکردگی کی امید ہے۔