راولپنڈی کے مصروف علاقے صدر میں واقع ایک نجی ریسٹورنٹ میں نوجوان لڑکوں کی جانب سے شدید ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، واقعہ کے دوران متعدد نوجوانوں نے ہاتھوں پر فلسطینی پرچم باندھ رکھا تھا، جبکہ ایک شخص کو بیس بال کا ڈنڈا اٹھائے ہوئے واضح طور پر ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ان نامعلوم افراد نے نہ صرف ریسٹورنٹ میں موجود افراد کو زدوکوب کیا بلکہ خواتین سمیت تمام گاہکوں کو شدید ہراساں بھی کیا۔
ویڈیو میں ریسٹورنٹ کی میزیں اور کرسیاں اُلٹی پڑی دیکھی جا سکتی ہیں جبکہ کچھ سامان کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی، تاہم پولیس کے پہنچنے سے قبل ہی تمام ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزموں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔
ریسٹورنٹ میں پیش آنے والے اس واقعے پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔