خطرناک ہواؤں اور شدید بارشوں کو اپنے اندر سمیٹے طوفان چندرا آج برطانیہ سے ٹکرانے والا ہے۔ یہ رواں سال برطانیہ سے ٹکرانے والا تیسرا بڑا طوفان ہوگا، جس کے پیشِ نظر حکام نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
برطانوی محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان چندرا کے باعث تیز رفتار ہوائیں چلنے، موسلا دھار بارش اور موسم کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔
سرد موسم کے باعث بعض علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے، جس سے ٹرانسپورٹ، تجارتی سرگرمیوں اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔
موسمیاتی اداروں نے شمالی آئرلینڈ، جنوبی انگلینڈ اور ویلز میں شدید ہواؤں اور بارش کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔
انتباہ کے مطابق ان علاقوں میں عمارتوں کو نقصان پہنچنے، درخت اور بل بورڈز گرنے جبکہ بجلی کی فراہمی معطل ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اگر شدید سردی کے اس موسم میں بجلی کی بندش طویل ہوئی تو انسانی جانوں کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
اسی تناظر میں ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ ادارے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کر رہے ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ہنگامی حالات میں سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔