’کرکٹ کی دنیا کا مقدس خزانہ‘ ریکارڈ قیمت میں نیلام

آسٹریلوی کرکٹ لیجنڈ سر ڈونلڈ بریڈمین کی تاریخی بیگی گرین کیپ ریکارڈ قیمت میں نیلام ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈان بریڈمین نے یہ تاریخی بیگی گرین کیپ آسٹریلیا کے گولڈ کوسٹ میں ہونے والی نیلامی میں 4 لاکھ 60 ہزار آسٹریلوی ڈالر میں فروخت ہوگئی۔

اس نایاب بیگی گرین کیپ کو ایک گمنام خریدار نے حاصل کیا ہے جس کے حوالے سے کوئی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔

بریڈمین نے یہ کیپ 1947-48 میں بھارت کے خلاف اپنی آخری ہوم سیریز کے دوران پہنی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے یہ کیپ بھارتی ٹیم کے اوپننگ بولر رنگا سوہنی کو تحفے میں دے دی تھی۔

سوہنی کے اہلِ خانہ نے اس تاریخی ورثے کو تقریباً 75 برس تک انتہائی رازداری کے ساتھ محفوظ رکھا اور اسے کبھی عوامی نمائش کے لیے پیش نہیں کیا گیا۔

لائیڈز آکشنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر لی ہیمز نے اس کیپ کو کرکٹ کی دنیا کا ’مقدس خزانہ‘ قرار دیا۔

ان کے مطابق، خاندان کے افراد کو بھی 16 سال کی عمر کے بعد صرف چند منٹ کے لیے اسے دیکھنے کی اجازت ہوتی تھی۔

کیپ کے اندر ’ڈی جی بریڈمین‘ اور ’ایس ڈبلیو سوہنی‘ کے نام درج ہیں، جبکہ آسٹریلوی نشان کے نیچے 1947-48 کندہ ہے۔

یہ بریڈمین کی 11 معروف بیگی گرین کیپس میں سے ایک ہے، جو اس دور میں ہر سیریز کے لیے الگ استعمال ہوتی تھیں۔

Similar Posts