سانحہ گل پلازہ، تابش ہاشمی کا بیان سندھ کے عوام کی توہین ہے، شرجیل میمن

سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات و نشریات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے تابش ہاشمی کے سانحہ گل پلازہ سے متعلق بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے اسے سندھ کے عوام کی توہین قرار دے دیا۔

پریس کانفرنس کے دوران پوچھے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ تابش ہاشمی نے جو ریمارکس دیے ایسے بیانات سندھ کے عوام کی توہین اور آئینی و انتظامی امور سے لاعلمی کا واضح ثبوت ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ’میزبان تابش ہاشمی نے حساس معاملے پر بغیر معلومات کے تبصرہ کیا جس کی وجہ سے عوام میں گمراہ کن تاثر پیدا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ آئینی صوبہ ہے اور صوبائی حکومت جمہوری ڈھانچے و قوانین کے تحت چلتی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ صوبائی حکومت کی طرز حکمرانی کو مذاق یا غیر سنجیدہ گفتگو کا موضوع نہیں بنایا جاسکتا، میڈیا پر بیٹھ کر سندھ یا کراچی کو پرائیوٹائز کرنے جیسے بیانات دینا غیر سنجیدگی اور عوام کے جذبات کومجروح کرنے کے مترادف ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ’کراچی پورے سندھ کا دل ہے اور شہر کے مسائل کا حل سنجیدہ پالیسی، وسائل و اجتماعی کوششوں سے ممکن ہے، انہیں ٹی وی شوز پر ہونے والے نچلی سطح کے تبصروں سے حل نہیں کیا جاسکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے اور عوامی مسائل پر تفریح کے بجائے سنجیدگی کے ساتھ آواز اٹھائے۔

Similar Posts