حیدرآباد، نسیم نگر میں پولیس مقابلہ، اسنیچنگ میں ملوث 2 ملزمان ہلاک، کانسٹیبل زخمی

نسیم نگر پولیس نے مبینہ مقابلے کے دوران اسنیچنگ میں ملوث دو ملزمان کو ہلاک کر دیا، جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک پولیس کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق واقعہ عمار سٹی کے قریب عبداللہ گارڈن کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے دو مشتبہ موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا۔

ملزمان نے پولیس اہلکاروں سے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے اپنے دفاع میں جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دونوں ملزمان موقع پر ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے دو عدد پستول اور ایک 125 سی سی موٹر سائیکل تحویل میں لے لی گئی ہے۔

ابتدائی تفتیش میں ایک ملزم کی شناخت اللہ یار عرف کٹو ولد محمد حسن ذات ملانو، ساکن اصل ضلع قمبر شہدادکوٹ اور حال اسلامیہ کالونی حیدرآباد کے طور پر ہوئی ہے۔

دوسرے ملزم کی شناخت ہزار خان ملانو، ساکن جعفرآباد بلوچستان کے طور پر کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اللہ یار عرف کٹو کے خلاف ابتدائی طور پر حیدرآباد اور ٹھٹہ میں ڈکیتی، پولیس مقابلوں اور غیر قانونی اسلحہ کے کم از کم آٹھ مقدمات درج ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ اس پر ضلع قمبر میں بھی پانچ مقدمات درج تھے۔

 

مقابلے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل عزیز جھکرانی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے خلاف ضابطے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔

Similar Posts