پی ایس ایل 11 کے لیے ریٹنشنز کا اعلان: کون سا کھلاڑی برقرار اور کون ریلیز ہوا؟

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کے 11 ویں سیزن کے لیے فرنچائزز نے ریٹینشن کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، اب روایتی ڈرافٹ سسٹم کی جگہ نیلامی پر مبنی ماڈل متعارف کرا یا گیا ہے، جس کے تحت  فرنچائزز اب  ہر کیٹیگری سے 8 کے بجائے صرف  ایک ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں اور باقی کھلاڑیوں کو نیلامی کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

منگل کو  پی ایس ایل سیزن 11 کیلئے فرنچائزز نے ریٹینشن کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی کنگز

کراچی کنگز نے پی ایس ایل 11 کے ریٹینشنز کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق کنگز نے  پلاٹینم کیٹیگری میں فاسٹ بولر حسن علی کو ری ٹین کیا ہے۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں عباس آفریدی، گولڈ میں خوشدل شاہ اور ایمرجنگ میں سعد بیگ کو ری ٹین کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کراچی کنگز نے اپنے کپتان ڈیوڈ وارنر کو ریلیز کردیا ہے۔

لاہور قلندرز

دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے 4 اہم کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان پی ایس ایل آکشن سے قبل کیا گیا ہے تاکہ ٹیم کے مضبوط ڈھانچے اور تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 11 کے لیے پلاٹینم کیٹیگری میں کپتان شاہین آفریدی کو ریٹین کیا ہے، ڈائمنڈ کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، گولڈ میں آل راؤنڈر سکندر رضا اور سلور میں ابھرتے ہوئے نوجوان ٹیلنٹ محمد نعیم کو ریٹین کیا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور قلندرز نے حارث رؤف اور فخر زمان کو پلاٹینم کیٹیگری سے ریلیز کر دیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے  شاداب خان پلاٹینم کیٹیگری میں برقرار ہیں جب کہ سلمان ارشاد کو گولڈ کیٹیگری اور سلور کیٹیگری میں آندریس گوس کو ری ٹین کیا گیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، محمد نواز، عماد وسیم کو پلاٹینم کیٹیگری سے ریلیزکر دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اعظم خان، حیدرعلی اور رومان رئیس کو گولڈ کیٹیگری اور محمد فائق اور حنین شاہ کو سلور کیٹیگری سے ریلیز کیا کر دیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 11 کے لیے ریٹینشنز کا اعلان کیا ہے، جس کے مطابق  پلاٹینم کیٹیگری میں ابرار احمد، ڈائمنڈ کیٹیگری میں عثمان طارق، گولڈ میں حسن نواز اور ایمرجنگ میں شامل حسین کو ری ٹین کیا گیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد عامر اور فہیم اشرف کو پلاٹینم سے ریلیز کر دیا جب کہ ڈائمنڈ کیٹیگری سے سعود شکیل اور محمد وسیم جونئیر کو بھی ریلیز کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گولڈ سے خرم شہزاد،حسیب اللہ خان، خواجہ نافع، دانش عزیز اور  ایمرجنگ سے محمد ذیشان کو ریلیز کیا ہے۔

پشاور زلمی

لاہور پشاور زلمی نے بھی پاکستان سپر لیگ کے لیے ریٹنشن کا اعلان کیا ہے، پشاور زلمی نے کپتان بابر اعظم کو پلاٹینم کیٹیگری میں ریٹین کرنے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ صفیان مقیم کو ڈائمنڈ، عبدالصمد کو گولڈ اور علی رضا کو ایمرجنگ کیٹیگری میں برقرار رکھا ہے۔

اس کے علاوہ پشاور زلمی نے صائم ایوب کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کے لیے کھلاڑیوں کو آکشن سے قبل ریٹین رکھنے کے لیے ڈیڈ لائن 6  فروری ہے۔

Similar Posts