بسنت کے دوران بارش ہوگی یا موسم خوشگوار رہے گا؟ پیشگوئی سامنے آگئی

پنجاب خصوصاً لاہور میں بسنت کے دوران موسم کے حوالے سے  صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پیش گوئی جاری کردی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بسنت کے دوران لاہور اور گردونواح میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔ پیش گوئی میں مزید بتایا گیا ہے کہ 6 سے 8 فروری کے دوران لاہور میں موسم خشک رہے گا جب کہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

بسنت کے دنوں میں شہر کا درجہ حرارت 20 سے 22 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

دریں اثنا پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی علاقوں میں اس دوران بارش جب کہ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بسنت کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے دوران بجلی کی تاروں اور چھتوں پر خاص احتیاط برتی جائے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ دھاتی ڈور، کیمیکل ڈور اور غیر قانونی سامان کے استعمال سے مکمل گریز کیا جائے جب کہ موٹر سائیکل سوار حفاظتی ہیلمٹ اور گلے کے حفاظتی کور کا استعمال یقینی بنائیں۔

Similar Posts