ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں جو جبر مسلط ہے وہ نریندر مودی اور آر ایس ایس کی نفرت پر مبنی، فاشسٹ اور انسان دشمن نظریاتی سوچ کا عملی اظہار ہے، جو مذہبی انتہا پسندی، خوف اور تشدد کو ریاستی پالیسی بنا چکی ہے۔ ان کے مطابق یہ ایک ایسی سوچ ہے جو اختلاف کو جرم اور کمزور کو نشانہ سمجھتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ وہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کو اپنی انسانی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امن کسی بری، فاشسٹ اور انسان مخالف آئیڈیالوجی کے ذریعے قائم نہیں ہو سکتا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ کشمیر کا مسئلہ اسی وقت حل کی طرف بڑھے گا جب دنیا مودی سرکار اور آر ایس ایس کے نفرت انگیز نظریے کو اس کے اصل نام سے پہچانے گی اور انسان، انصاف اور حقِ خودارادیت کے ساتھ کھڑی ہوگی۔