شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار پاکستان بازار کٹ کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان بازار کٹ کے قریب تیز رفتار واٹرٹینکر نے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں 28 سالہ ثاقب نامی نوجوان موقع پر جاں بحق ہوا۔
موقع پر موجود افراد نے ایمبولینس کے ڈرائیور کو بتایا کہ حادثہ واٹر ٹینکر کی ٹکر سے پیش آیا ہے جس کا ڈرائیور ٹینکر سمیت فرار ہوگیا تاہم پولیس واقعے کی مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔
دریں اثنا پنجاب چورنگی انڈر پاس میں کار ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کار کو شدید نقصان پہنچا تاہم حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
چھیپا حکام کے مطابق ٹریلر انڈر پاس میں ایک جانب کھڑا تھا کہ اس دوران عقب سے آنے والی کار ٹریلر سے ٹکرا گئی۔