کراچی، خواجہ سراؤں کے احتجاج کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی

شہر قائد کے علاقے الفلاح، ملیر میں ولایت شاہ مزار کے قریب پولیس کے خلاف خواجہ سراؤں کے احتجاج کے دوران فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمی ہونے والے 30 سالہ دانش کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد خواجہ سراؤں کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔ ایک خواجہ سرا نے میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ وہ اپنے کزن کے ساتھ ایک پروگرام سے گھر واپس جا رہی تھیں کہ راستے میں پولیس اہلکاروں نے انہیں روکا اور بدتمیزی کی۔

متاثرہ خواجہ سرا کے مطابق انہوں نے اہلکاروں کو بتایا کہ وہ اپنے کزن کے ساتھ ہیں اور گھر جا رہی ہیں، تاہم مبینہ طور پر پولیس اہلکاروں نے تشدد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اپنے ساتھیوں کو بلایا اور احتجاج کیا تو پولیس کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں راہ گیر دانش زخمی ہوگیا۔

دوسری جانب پولیس کا مؤقف ہے کہ فائرنگ کرنے والا اہلکار الفلاح تھانے سے تعلق نہیں رکھتا۔ پولیس حکام کے مطابق مبینہ طور پر فائرنگ کرنے والا شخص موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا ہے، اور اس کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔

Similar Posts