تلخ یادیں بھلا کر گرین شرٹس آج کمزور حریف پر جھپٹنے کے لیے تیار

تلخ یادیں بھلا کر گرین شرٹس کمزور حریف پر جھپٹنے کیلیے تیار ہیں، ٹی 20 ورلڈکپ میں امریکا سے مقابلہ آج ہوگا، پلیئرز کی توجہ ناتجربہ کار حریف سے گزشتہ ٹورنامنٹ کی شکست کا بدلہ لینے کے ساتھ اپنی پوزیشن کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنا دوسرا میچ آج سنہالیز اسپورٹس کلب کولمبو میں امریکا کے خلاف کھیلے گی،پہلے مقابلے میں اس نے نیدرلینڈز کو مات دی تھی۔

ڈچ سائیڈ کی جانب سے بھرپور فائٹ نے ایک موقع پر ٹیم کیلیے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی تھی مگر سیکنڈ لاسٹ اوور میں فہیم اشرف نے ریسکیو کرتے ہوئے فنش لائن عبور کرا دی۔ 

اسی طرح امریکا نے بھی اپنے پہلے میچ میں بھارت کو پریشان کیا،البتہ سوریا کمار یادیو نے میزبان ٹیم پر منڈلاتے خطرات ٹال دیے تھے۔

2 برس قبل کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کو امریکا کے ہاتھوں شکست ہوئی جو بعد میں پہلے راؤنڈ سے ہی اخراج کی وجہ بن گئی تھی، اس لیے اب گرین شرٹس حریف کے خلاف کسی بھی قسم کی سہل پسندی سے اجتناب کرتے ہوئے حساب چکتا کرنے کی کوشش کریں گے۔ 

کھلاڑیوں کی نگاہیں صرف گزشتہ ٹورنامنٹ میں ناکامی کا بدلہ لینے پر ہی مرکوز نہیں ہوں گی بلکہ 2 قیمتی پوائنٹس حاصل کرکے گروپ میں پوزیشن کو بہتر بنانا اولین مقصد ہوگا۔ 

کولمبو میں بارش پاکستانی مہم پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے،گرین شرٹس کو اسے مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی، ڈی ایل میتھڈ پر فیصلے کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیزرفتاری سے رنز بنانا ہوں گے، ٹاپ آرڈر بیٹرز کو پاور پلے کو زیادہ سے زیادہ کارآمد بنانا پڑے گا۔ 

ڈچ سائیڈ سے میچ میں ناکام رہنے والے بابراعظم ایک بار پھر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں مگر پلیئنگ الیون میں ان کی پوزیشن کو فوری طور پر خطرہ نہیں ہے ، درمیانی اوور میں تجربہ کار بیٹر ٹیم کی ضرورت ہیں۔

البتہ پہلے میچ میں صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے وکٹ کیپر بیٹر عثمان خان کی جگہ خواجہ نافع کو میدان میں اتارنے کا آپشن موجود ہوگا۔ 

موزوں کنڈیشنز سے پاکستانی اسپنرز فائدہ اٹھانے کیلیے تیار ہیں، ابر آلود کنڈیشنز میں پیسرز بھی حریف بیٹرز کو تگنی کا ناچ نچا سکتے ہیں، شاہین آفریدی توجہ کا مرکز ہوں گے۔

دوسری جانب امریکی ٹیم بھارت سے کانٹے دار مقابلے کی وجہ سے کافی پرجوش ہے،پلیئرز پاکستان کے خلاف ایک اور اپ سیٹ کامیابی کے خواب اپنی آنکھوں میں سجا چکے ہیں۔

البتہ انھیں پاکستانی نژاد پیسر علی خان کی عدم موجودگی کا خدشہ ہے ،وہ بھارت سے میچ میں ٹانگ کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے۔

کپتان مونانک پٹیل کو امریکا کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر کے اعزاز کیلیے مزید 80 رنز درکار ہیں،انھوں نے پاکستان کے خلاف گزشتہ ٹی 20 ورلڈکپ میچ میں ففٹی بنائی تھی۔

کولمبو میں مختصر فارمیٹ میں پاکستان کا ریکارڈ کافی بہتر ہے، نیدرلینڈز کے خلاف کامیابی سے 8 میچز میں فتوحات کا تناسب 2-6 ہوگیا، یہ 2 ناکامیاں 2012 کے ورلڈکپ میں بھارت اور سری لنکا کے ہاتھوں ملی تھیں ۔

Similar Posts