بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر ابھیشیک شرما کو معدے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نمیبیا کے خلاف گروپ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابھیشیک شرما کی طبیعت امریکا کے خلاف پچھلے میچ سے پہلے ہی خراب تھی، تاہم میچ کھیلنے کے بعد ان کی حالت مزید بگڑ گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابھیشیک شرما کو تیز بخار تھا اور فوری طبی امداد کے طور پر انہیں ڈرپس لگائی گئیں۔ اسی وجہ سے وہ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹیم کے پریکٹس سیشن میں بھی شریک نہیں ہو سکے۔
رپورٹ کے مطابق انہیں دہلی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں مختلف طبی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں تاکہ بیماری کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔
فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ انہیں کب اسپتال سے ڈسچارج کیا جائے گا، تاہم نمیبیا کے خلاف میچ میں ان کی شرکت مشکوک قرار دی جا رہی ہے۔
بھارتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈوشیٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابھیشیک کو معدے سے متعلق کچھ مسائل اب بھی درپیش ہیں، تاہم امید ہے کہ دو دن میں وہ میچ کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیم طبی عملے کی رپورٹ کا انتظار کر رہی ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
امریکا کے خلاف میچ میں ابھیشیک شرما کی کارکردگی بھی متاثر رہی۔ وہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے اور پھر بھارتی ٹیم کی بالنگ کے دوران میدان میں بھی نظر نہیں آئے۔
ان کی جگہ سنجو سیمسن نے پورے اوورز کے دوران فیلڈنگ کی، جبکہ میچ کے بعد فتح کے باوجود ابھیشیک شرما ٹیم کے ساتھ روایتی ہاتھ ملانے کی تقریب میں بھی شریک نہیں ہوئے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کی تیاریوں سے متعلق اسسٹنٹ کوچ نے بتایا کہ آل راؤنڈر واشنگٹن سندر کو نمیبیا کے خلاف دوسرے گروپ میچ سے قبل اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
ان کے مطابق سندر گزشتہ روز ٹیم کے ساتھ شامل ہوئے اور منگل کو وہ ٹیم کے ساتھ پریکٹس کریں گے۔
ریان ٹین ڈوشیٹ نے فاسٹ باؤلر جسپریت بمراہ کی فٹنس پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ بمراہ نے دس دن کے وقفے کے بعد دوبارہ باؤلنگ شروع کر دی ہے، وہ پہلے سے بہتر محسوس کر رہے ہیں اور ان کی موومنٹ بھی اچھی ہے۔ بمراہ نے ایک بار پھر باؤلنگ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
اسسٹنٹ کوچ نے امریکا کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کی جیت پر بات کرتے ہوئے کپتان سوریہ کمار یادو کی کارکردگی کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں کپتان کے لیے وقت آسان نہیں رہا، تاہم اہم موقع پر ان کی اننگز نے ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا اور قیادت کے ساتھ ساتھ کارکردگی میں بھی تسلسل دکھایا۔