ٹی 20 ورلڈ کپ: بھارت کی بیٹنگ جاری، پاکستانی بولرز اور فیلڈرز کے ہاتھ پاؤں پُھول گئے

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے 27 ویں میچ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔

بھارت کی جانب سے اوپنر ابھیشک شرما اور ایشان کشن نے اننگز کا آغاز کیا تو پاکستان نے پہلے اوور میں ہی بھارت کی ایک رن پر اہم وکٹ گرا دی، بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما بغیر کوئی رنز بنائے سلمان علی آغا کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد ایشان کشن نے تلک ورما کے ساتھ مل کر جارحانہ انداز اپنایا اور پاکستانی گیند بازوں کی خوب درگت بنائی اور ٹیم کا اسکور 88 تک پہنچایا، اس دوران دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

88 کے اسکور پر بھارت کو دوسرا نقصان اٹھانا پڑا، ایشان کشن 40 گیندوں پر 77 رنز بناکر صائم ایوب کی گیند پر بولڈ ہوئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

بھارت نے اب سے کچھ دیر پہلے تک 14 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنا لیے ہیں۔ تلک ورما 25 اور کپتان سوریا کمار یادیو 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان آغا اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کا ٹاس

سری لنکا کے شہر کولمبو کے آر پریما داسا کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہیں، جہاں گروپ اے کے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی ہے۔

میگا ایونٹ کے بڑے میچ میں بھی بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار رہی ، ٹاس کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے اسپرٹ آف کرکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا سے ایک بار پھر ہاتھ نہیں ملایا۔

اس اہم میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرتے ہوئے وننگ کمبی نیشن کو برقرار رکھا ہے جب کہ بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کرتے ہوئے ابھیشک شرما اور کلدیپ یادیو کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان قومی کرکٹ ٹیم سلمان علی آغا نے کہا کہ ہماری ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، ان پچز پر کھیلنے پر ہمارا تجربہ ہے، ہمارا پورا فوکس میچ پر ہوگا، میچ کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان کا اسکواڈ

پاکستان کرکٹ ٹیم میں کپتان سلمان علی آغا کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل ہیں۔

بھارت کا اسکواڈ

بھارتی ٹیم میں کپتان سوریا کمار یادیو، ابھیشیک شرما، تلک ورما، شیوم دوبے، ایشان کِشن، ہاردک پانڈیا، جسپریت بمراہ، ورون چکرا ورتھی، کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور رنکو سنگھ شامل ہیں۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک اپنے دو، دو میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں ہی فتحیاب ٹھہریں تاہم آج کے میچ کی فاتح ٹیم گروپ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمالے گی۔

تاریخی ریکارڈ پر نظر ڈالی جائے تو ٹی 20 انٹرنیشنلز میں دونوں ٹیمیں 16 بار آمنے سامنے آچکی ہیں، جن میں سے بھارت نے 13 اور پاکستان نے 3 میچ جیتے ہیں۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارتی ٹیم ریکارڈ کے اعتبار سے پاکستان پر حاوی ہے، دونوں ٹیمیوں کے درمیان اس فارمیٹ کے میگا ایونٹ میں 8 مقابلے ہوئے ہیں، جس میں سے 7 بھارت نے جیتے ہیں جب کہ صرف ایک میں پاکستان کو فتح ملی ہے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑے مقابلے کے بارش سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہونے لگے ہیں جب کہ آج کولمبو میں مختلف اوقات میں بارش کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

Similar Posts