’بچے ہاتھ نہیں ملاتے، لیجنڈز گلے ملتے ہیں‘، وسیم اکرم اور روہت شرما کی ویڈیو وائرل

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا میدان میں آمنا سامنا ہوا۔ ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے سے روایتی مصافحے سے گریز کیا البتہ اسٹیڈیم کے اندر پیش آنے والا ایک مختلف منظر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق بھارتی کپتان روہت شرما کو مصافحہ کرتے اور گلے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ واقعہ سری لنکا کے پریما داسا سٹیڈیم میں پاک بھارت میچ سے قبل پیش آیا۔ اسی میچ میں جہاں ایک طرف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے ٹاس اور میچ کے اختتام پر روایتی انداز میں ایک دوسرے سے ہاتھ نہیں ملایا وہیں کرکٹ کے دو لیجنڈز، وسیم اکرم اور روہت شرما کی ملاقات نے کھیل اور سیاست کے تعلق پر نئی بحث چھیڑ دی۔

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیاسی کشیدگی کے اثرات کھیلوں پر بھی نظر آ رہے ہیں۔

گزشتہ سال پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی مں ہونے والی مختصر جنگ کے بعد سے بھارتی ٹیم نے کھیل کے میدان میں پاکستانی کھلاڑیوں سے روایتی مصافحہ نہ کرنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔

اس سے قبل ایشیا کپ میں دونوں ٹیمیں تین مرتبہ آمنے سامنے آئی تھیں تاہم میدان میں کھلاڑیوں کے درمیان مصافحہ نہیں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر سابق کرکٹرز، وسیم اکرم اور روہت شرما کی ملاقات خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے اور صارفین اس پر مختلف انداز میں ردعمل دے رہے ہیں۔

ایک صارف نبراز رمضان نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ’لیجنڈز گلے ملتے ہیں جبکہ بچے ہاتھ نہیں ملاتے۔

روشن رائے نے سماجی رابطے کی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی رائے کا اظہار یوں کیا کہ ’سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر سلمان علی آغا سے ہاتھ نہہں ملایا، اور میچ کے اختتام پر بھی انڈین کھلاڑیوں نے پاکستانی کرکٹرز سے ہاتھ نہیں ملایا۔ لیکن روہت شرما اور وسیم اکرم کو گلے ملتے ہوئے دیکھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ اس بات پر لوگ نہ ہی روہت شرما کو گالیاں دیں گے اور نہ ہی شرمندہ کریں گے۔

کچھ تبصرہ نگاروں نے اس عمل کو کھیل اور سیاست کو الگ رکھنے کی مثبت مثال قرار دیا، جبکہ کچھ نے اسے متضاد رویہ بھی کہا۔ بعض صارفین نے یہ بھی لکھا کہ کھیل کا مقصد لوگوں کو قریب لانا ہوتا ہے اور ایسے واقعات اس بات کی یاد دہانی کراتے ہیں۔

میچ کے نتیجے کی بات کی جائے تو انڈیا نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 61 رنز سے شکست دی۔ تاہم میچ کے نتیجے کے ساتھ ساتھ وسیم اکرم اور روہت شرما کی ملاقات بھی شائقین کے درمیان ایک اہم موضوع بنی رہی اور اس پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

Similar Posts