اپوزیشن اتحاد کا اجلاس، پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور محمود خان اچکزئی آمنے سامنے آگئے

پارلیمنٹ ہاؤس میں دھرنے کے حوالے سے قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اکثریتی اراکین کے درمیان اختلافات سامنے آگئے جبکہ اپوزیشن اتحاد کا اجلاس کل دوبارہ طلب کرلیا گیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن اتحاد کا اہم اجلاس محمود خان اچکزئی کی صدارت میں ہوا جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور محمود خان اچکزئی آمنے سامنے آگئے، محمود خان اچکزئی نے ذاتی مالجین کی رسائی اور اہل خانہ سے ملاقات تک منظم دھرنا اور احتجاج جاری رکھنے کا کہا جبکہ پی ٹی آئی کے چند ارکان کے علاوہ اکثریت نے دھرنا ختم کرنے کا مشورہ دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی ارکان نے رائے دی میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر ہمیں دھرنا ختم کرنا چاہیے جبکہ محمود خان اچکزئی نے پی ٹی آئی ارکان سے دھرنا ختم کرنے کی ٹھوس وجوہات بھی پوچھیں۔

ذرائع نے بتایا کہ محمود خان اچکزئی نے کہا مجھ پر بانی پی ٹی آئی نے اعتماد کیا میں وہ فیصلے کروں گا جس میں ابہام نہ ہو، جس پر محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے ساتھ پی ٹی آئی کے چند ارکان نے ہی اتفاق کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد نے بانی پی ٹی آئی تک ذاتی معالجین کی رسائی کے لیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا اور اپوزیشن اتحاد کا مشاورتی اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اپوزیشن اتحاد نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے دھرنا اور احتجاج جاری رکھنے اورذاتی معالجین کی رسائی کےلیے رابطے بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

قبل ازیں کہا گیا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کا دھرنے کے حوالے سے مشاوراتی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں دھرنے کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا، جس میں سپریم کورٹ جانے کے حوالے سے بھی مشاورت ہوگی۔

Similar Posts