موٹروے ایم-2 ساؤتھ پر سیال موڑ کے قریب اسلام آباد سے لاہور جانے والی ایک بس کے پچھلے حصے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی تاہم موٹروے پولیس کی فوری کارروائی سے بڑا سانحہ ٹل گیا۔
ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق واقعہ موٹروے ایم 2 ساؤتھ پر پیش آیا جہاں شارٹ سرکٹ کے باعث بس کے عقب میں آگ لگی۔
خوش قسمتی سے اس وقت بس میں کوئی مسافر موجود نہیں تھا اور صرف عملہ سوار تھا۔
موٹروے پولیس نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر بس میں موجود عملے کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
افسران نے فوری طور پر سڑک پر کوننگ اور وارننگ بورڈز لگا کر ٹریفک کو محفوظ بنایا تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے ایف ڈبلیو او کے واٹر باؤزرز کی مدد حاصل کی گئی جس کے بعد شعلوں کو مکمل طور پر بجھا دیا گیا۔
بس مالک نے موٹروے پولیس کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ فوری کارروائی کے باعث قیمتی جانیں محفوظ رہیں اور نقصان محدود رہا۔