شارجہ سے اسلام آباد 4.48 کلو گرام کوکین اسمگل کرنے والے خاتون زیر حراست

پاکستان قطر مشترکہ آپریشن میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4.48 کلوگرام کوکین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے قطری حکام کے اشتراک سے کارروائی کرتے ہوئے ایک پاکستانی خاتون مسافر کو حراست میں لیا، جو شارجہ سے دوحہ کے راستے اسلام آباد پہنچ رہی تھی۔

خاتون کے زیرِ استعمال ٹرالی بیگ کی مکمل تلاشی کے دوران 4.48 کلوگرام کوکین برآمد کر لی گئی۔ منشیات کو نہایت مہارت کے ساتھ بیگ میں چھپایا گیا تھا۔

دورانِ تفتیش ملزمہ نے انکشاف کیا کہ اس کا ہینڈلر، جو مطلوبہ وصول کنندہ سے بھی منسلک تھا، ایئرپورٹ پر ہی موجود ہے۔ اطلاع ملنے پر اے این ایف نے فوری فالو اَپ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اس کی گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔

حکام کے مطابق یہ مشترکہ کارروائی پاکستان اور قطر کے درمیان مؤثر انٹیلی جنس شیئرنگ اور عملی تعاون کا مظہر ہے، جس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کوششیں مزید مضبوط ہو رہی ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

Similar Posts