پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کے لیے براہ راست کوالیفائی کرلیا

پاکستان کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 کے لے بھی براہ راست کوالیفائی کرلیا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے سے سپر ایٹ میں رسائی حاصل کرنے والی آٹھ ٹیموں نے 2028 کے میگا ایونٹ کے لیے بھی براہِ راست کوالیفائی کرلیا ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2028 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا، جس میں بھی 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔

آئی سی سی کے اعلامیے کے مطابق پاکستان، بھارت، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، سری لنکا، زمبابوے، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز نے براہ راست کوالیفائی کیا ہے جب کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو 2028 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ہونے کی حیثیت سے پہلے ہی ٹورنامنٹ میں براہِ راست شرکت حاصل ہے۔

اس کے علاوہ 9 مارچ تک آئی سی سی ٹی 20 ٹیم رینکنگ کی اگلی 3 بہترین ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کریں گے، ان تین ٹیموں میں بنگلا دیش، افغانستان اور آئرلینڈ شامل ہیں جب کہ 20 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کی باقی 8 ٹیموں کا فیصلہ ریجنل کوالیفائرز کی بنیاد پر ہوگا۔

واضح رہے کہ بدھ کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان نے نمیبیا کو با آسانی 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

پاکستان کی نمیبیا کے خلاف فتح کے بعد سپر ایٹ مرحلے کی تمام 8 ٹیمیں فائنل ہوگئیں۔ گروپ اے سے پاکستان اور بھارت، گروپ بی سے سری لنکا اور زمبابوے، گروپ سی سے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ جبکہ گروپ ڈی سے جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ نے اگلے مرحلے میں جگہ بنائی۔

Similar Posts